کوئٹہ(ویب نیوز) صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ تاجر برادری معاشرے کا اہم حصہ ہے اور ان کے مسائل کا حل حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انجمن تاجران بلوچستان کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ تاجروں کے مطالبات کے حل کے لیے ڈپٹی کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ پر مشتمل خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم آغا نے کہا کہ حکومت کی یقین دہانی کے بعد 986 دکانداروں اور حلیم پلازہ کے مسائل کے حل میں پیش رفت ہوئی ہے، جس پر احتجاج مؤخر کر دیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ قومی شاہراہوں کو محفوظ بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے اور جہاں ضرورت محسوس ہوئی وہاں قانون کے مطابق کرفیو نافذ کرنے اور سیکیورٹی آپریشن کرنے سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسماء جٹک کے والد کے قتل کیس میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کے چھاپے جاری ہیں۔
