مقامی ۵ اگست ۲۰۲۶

کوئٹہ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن، 8 افراد گرفتار

کوئٹہ (ویب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن اور پولیس نے سریاب سب ڈویژن میں تجاوزات کے خلاف مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے 8 افراد کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سریاب مصور احمد اچکزئی کی نگرانی میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی۔ آپریشن کے دوران مین سریاب روڈ سے کسٹم چوک، موسیٰ کالونی، چکی شاہوانی، ایسٹرن بائی پاس، بکرا منڈی اور چالو باوڑی کے علاقوں میں قائم سخت اور عارضی تجاوزات کو ہٹا دیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق کارروائی کے دوران بار بار سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے 8 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ دیگر تجاوزات قائم کرنے والوں کو آئندہ خلاف ورزی نہ کرنے کی سخت ہدایت کی گئی۔ ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن مزید تیز اور مسلسل جاری رکھا جائے گا۔