کوئٹہ (ویب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان و چیف آف بگٹی میر سرفراز بگٹی سے آل پارٹیز موسیٰ خیل کے اعلیٰ سطحی وفد نے چیف آف غرشین سردار سید اسد زمان غرشین کی قیادت میں ملاقات کی، جس میں ضلع موسیٰ خیل کو درپیش عوامی، انتظامی اور ترقیاتی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں سابق ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر خان موسیٰ خیل، سابق صوبائی وزیر مولانا غلام سرور، یونین کونسل اندرپڑ اور یونین کونسل راڑاشم کے نمائندوں سمیت قبائلی عمائدین اور سیاسی رہنما شامل تھے۔ ملاقات کے دوران وفد نے ضلع موسیٰ خیل میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، مواصلاتی ڈھانچے کی بہتری، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی امور سے متعلق تجاویز وزیراعلیٰ کو پیش کیں۔ میر سرفراز بگٹی نے وفد کی تجاویز کو غور سے سنتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان حکومت صوبے کے تمام اضلاع میں یکساں اور متوازن ترقی کے وژن پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں، قبائلی عمائدین اور مقامی قیادت سے مشاورت کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کو عوامی ضروریات کے مطابق بنایا جا رہا ہے تاکہ دور دراز علاقوں کے عوام بھی ترقی کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح پسماندہ اضلاع کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنا ہے اور دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے مرحلہ وار ترقیاتی عمل جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال ضلع واشک کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکج دیا گیا تھا جبکہ رواں سال موسیٰ خیل سمیت دیگر پسماندہ اضلاع کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ ملاقات میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ عمران زرکون اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
