مقامی ۵ اگست ۲۰۲۶

فریڈم نیٹ ورک کا صحافیوں کی سنسرشپ اور تحفظ سے متعلق قومی سروے شروع

کوئٹہ (ویب نیوز) فریڈم نیٹ ورک، اسلام آباد میں قائم میڈیا اور شہری حقوق کی تنظیم نے پاکستان میں صحافیوں کے تحفظ، آزادی اظہار اور صحافتی ماحول سے متعلق قومی سطح کا آن لائن سروے شروع کر دیا ہے۔ تنظیم کے مطابق سروے کا مقصد صحافیوں کے تجربات، آراء اور درپیش چیلنجز کو سمجھنا ہے، جن میں ادارتی آزادی، بیرونی دباؤ، خود ساختہ سنسرشپ، مسلط کردہ سنسرشپ اور صحافیوں کی حفاظت و سلامتی کے مسائل شامل ہیں۔ فریڈم نیٹ ورک نے کہا ہے کہ سروے میں فراہم کی جانے والی تمام معلومات مکمل طور پر خفیہ اور گمنام رکھی جائیں گی اور انہیں صرف تحقیقی مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ تنظیم اس قومی سروے کی بنیاد پر ایک رپورٹ تیار کرے گی، جس کے ذریعے پاکستان میں صحافتی ماحول کی موجودہ صورتحال کو اجاگر کیا جائے گا اور پالیسی ساز اداروں کی توجہ صحافیوں کو درپیش مسائل کی جانب مبذول کرائی جائے گی تاکہ آزاد، خودمختار اور پیشہ ورانہ صحافت کے لیے سازگار ماحول کے قیام میں مدد مل سکے۔