مقامی ۵ اگست ۲۰۲۶

شہداء ہمارا فخر، لازوال قربانیوں کی بدولت عوام امن و سکون کی زندگی گزار رہے ہیں، آئی جی پولیس بلوچستان

کوئٹہ (ویب نیوز) آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی، ملک و قوم کی سلامتی اور بلوچستان میں پائیدار امن کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ آج ہم ان تمام شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے، جن کی لازوال قربانیوں کی بدولت آج عوام امن اور سکون کی زندگی گزار رہے ہیں۔ محمد طاہر نے کہا کہ شہادت ایک عظیم رتبہ ہے اور شہداء کے اہلخانہ پولیس فورس کے لیے انتہائی قابلِ احترام ہیں، جن کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف سیکیورٹی اداروں کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اتحاد، اتفاق اور باہمی تعاون سے تمام چیلنجز کا مقابلہ کیا جائے گا۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان پولیس اپنے شہداء کی قربانیوں کو مشعلِ راہ سمجھتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور صوبے میں امن کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرتی رہے گی۔