مقامی ۵ اگست ۲۰۲۶

ترقیاتی فنڈز کی بندش اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی، بلوچستان کے بلدیاتی نمائندے سراپا احتجاج

کوئٹہ پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس، آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا
کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان بھر کے میئرز، چیئرمینز اور منتخب بلدیاتی نمائندوں نے لوکل کونسلز کے ترقیاتی فنڈز کی مسلسل بندش، نان سیلری بجٹ کی عدم فراہمی اور گزشتہ چار سال سے بلدیاتی نمائندوں کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کا اعلان کردیا۔ بلدیاتی نمائندوں کے مطابق ڈسٹرکٹ کونسلز، میونسپل کارپوریشنز، میونسپل کمیٹیز اور یونین کونسلز کے چیئرمینز، وائس چیئرمینز، میئرز اور ڈپٹی میئرز کو مالی مشکلات کا سامنا ہے، جس کے باعث عوامی خدمات اور ترقیاتی منصوبے متاثر ہو رہے ہیں۔ منتخب نمائندوں نے اعلان کیا ہے کہ 6 اگست 2026 بروز جمعرات شام 5 بجے کوئٹہ پریس کلب میں ہنگامی مشترکہ پریس کانفرنس منعقد کی جائے گی، جس میں لوکل گورنمنٹ اداروں کو درپیش مالی بحران، ترقیاتی کاموں کی بندش اور اپنے آئینی و قانونی حقوق کے حصول کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔