مقامی ۵ اگست ۲۰۲۶

کوئٹہ میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر ریڈ زون سیل، سکیورٹی ہائی الرٹ

کوئٹہ (ویب نیوز) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں دہشت گردی کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر سکیورٹی اداروں نے ریڈ زون کو سیل کرتے ہوئے غیر معمولی حفاظتی اقدامات نافذ کر دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس، گورنر ہاؤس اور دیگر حساس سرکاری تنصیبات کی جانب جانے والے اہم راستوں کو رکاوٹیں اور بھاری گاڑیاں کھڑی کرکے بند کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری ریڈ زون، سرکاری عمارتوں اور حساس مقامات پر تعینات کر دی گئی ہے۔ شہر بھر میں پولیس کی جانب سے چیکنگ کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے، داخلی و خارجی راستوں، اہم شاہراہوں اور مختلف مقامات پر ناکہ بندیاں قائم کرکے گاڑیوں اور مشکوک افراد کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور ریسکیو ٹیموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں، دورانِ چیکنگ سکیورٹی اداروں سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع حکام کو دیں۔