کوئٹہ (ویب نیوز) وزیر خزانہ بلوچستان میر شعیب نوشیروانی کی زیر صدارت محصولات کی وصولی سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری محکمہ خزانہ جہانگیر کاکڑ، چیئرمین بلوچستان ریونیو اتھارٹی عبداللہ خان، سپیشل سیکرٹری خزانہ عارف اچکزئی اور محکمہ خزانہ و بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیئرمین بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے مالی سال 2025-26 اور جولائی 2026 کے دوران بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز، بلوچستان ڈویلپمنٹ اینڈ مینٹیننس آف انفراسٹرکچر سیس، بلوچستان ورکرز ویلفیئر فنڈ اور بلوچستان ورکرز پرافٹ پارٹیسپیشن فنڈ سے حاصل ہونے والی محصولات، ٹیکس اصلاحات، ریونیو اہداف کے حصول کے لیے حکمت عملی اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے محصولات میں اضافے، ٹیکس بیس میں توسیع، ٹیکس قوانین پر مؤثر عملدرآمد، ٹیکس دہندگان کو سہولیات کی فراہمی اور شفاف و جدید ڈیجیٹل ٹیکس نظام کے فروغ کے لیے جاری اصلاحات کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں مقررہ ریونیو اہداف کے بروقت حصول کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری اور عملی اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بلوچستان میں محصولات کے نظام کو مزید مضبوط، شفاف اور جدید خطوط پر استوار کرکے صوبے کی پائیدار ترقی اور عوامی فلاح کے لیے مالی وسائل میں اضافہ یقینی بنایا جائے گا۔
