چمن (ویب نیوز) چمن کے علاقے پرانا چمن میں دہشت گردوں کی جانب سے مبینہ طور پر مزدوروں پر ہینڈ گرینیڈ حملے کے نتیجے میں ایک مزدور شہید جبکہ چار زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق حملہ اس وقت کیا گیا جب مزدور ایک کمین گاہ میں سو رہے تھے۔ شہید ہونے والے مزدور کی شناخت 28 سالہ نصرالدین ولد غلام فرید کے نام سے ہوئی ہے، جو سندھ کے ضلع کشمور کا رہائشی تھا۔ واقعے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہونے پر اسے مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا، جبکہ دیگر تین زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق تمام مزدور چمن میں ایک زیر تعمیر منصوبے پر کام کر رہے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے اور حملہ آوروں کی تلاش سمیت واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
