مقامی ۲۸ جولائی ۲۰۲۶

خاران میں بینک اے ٹی ایم اور پٹرول پمپس پر مسلح حملے، لاکھوں روپے نقدی لوٹ لی گئی

خاران(ویب نیوز) خاران شہر میں نامعلوم مسلح افراد نے یو بی ایل بینک کی برانچ، اے ٹی ایم اور دو پٹرول پمپس کو نشانہ بناتے ہوئے لاکھوں روپے نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا۔ ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے بینک برانچ کے دروازے بند ہونے پر اے ٹی ایم پر فائرنگ کرکے اسے نقصان پہنچایا، جبکہ جنگل روڈ پر سڑک بند کرکے سدابہار پٹرولیم اور عاجزی پٹرولیم پر بیک وقت ڈکیتی کی وارداتیں کیں۔ اس دوران مسلح افراد نے شہریوں پر تشدد بھی کیا اور نقدی سمیت قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق رواں ہفتے بھی خاران کے مشرقی بائی پاس اور گواش روڈ پر متعدد دکانوں میں ڈکیتی کی وارداتیں ہو چکی ہیں، جس سے شہر میں خوف و ہراس کی فضا پائی جاتی ہے۔ شہریوں اور تاجروں نے بڑھتی ہوئی بدامنی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے اور وارداتوں میں ملوث عناصر کو گرفتار کیا جائے۔