خضدار(ویب نیوز) خضدار کے علاقے وڈھ ہسپتال میں مختلف آسامیوں پر مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے خلاف متاثرہ امیدواروں نے ڈپٹی کمشنر خضدار اور بلوچستان ہائی کورٹ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ متاثرین کا مؤقف ہے کہ عدالتِ عالیہ کے حکمِ امتناعی (اسٹے آرڈر) کے باوجود اور اخباری اشتہار جاری کیے بغیر بھرتیاں کی گئی ہیں، جس سے شفافیت اور میرٹ پر سنگین سوالات اٹھتے ہیں۔ امیدواروں کا کہنا ہے کہ اگر عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ثابت ہوئی تو یہ توہینِ عدالت کے زمرے میں آ سکتا ہے، لہٰذا معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ متاثرین نے بلوچستان ہائی کورٹ سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لے، حقائق کا جائزہ لے اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی عمل میں لائے تاکہ میرٹ، شفافیت اور قانون کی بالادستی یقینی بنائی جا سکے۔
