سوئی (ویب نیوز): وزیراعلیٰ بلوچستان کے حلقہ انتخاب سوئی میں چیف آف کلپر میر جلال خان کلپر کی زیر قیادت قبائلی جرگہ منعقد ہوا، جس میں علاقے کی محرومیوں، ترقیاتی فنڈز کے مبینہ غلط استعمال اور پی پی ایل کی کارکردگی پر سخت تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے میر جلال خان کلپر نے کہا کہ گزشتہ بیس برسوں اور موجودہ حکومتی دور میں سوئی و ڈیرہ بگٹی کے نام پر جاری ہونے والے 60 ارب روپے سمیت تمام فنڈز کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی پی ایل نے سن کوٹہ میں سودے بازی کے ذریعے مقامی لوگوں کے معاشی حقوق متاثر کیے اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار سے محروم رکھا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کمپنی معاہدوں پر عمل کرتے ہوئے مقامی نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرے، غیر قانونی بھرتیاں ختم کی جائیں اور عوامی حقوق بحال کیے جائیں، بصورت دیگر قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
