مقامی ۲۸ جولائی ۲۰۲۶

کوئٹہ کی نصف آبادی کے شناختی کارڈ بلاک ہونے کی خبر بے بنیاد، نادرا کی وضاحت

اسلام آباد/کوئٹہ(ویب نیوز) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ کوئٹہ کی نصف آبادی کے شناختی کارڈ بلاک کر دیے گئے ہیں۔ نادرا کے مطابق یہ خبر بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے، کیونکہ کسی بھی شہری کا شناختی کارڈ اجتماعی یا بلاجواز بنیادوں پر بلاک نہیں کیا جاتا۔ ادارے کا کہنا ہے کہ اگر کسی شہری کے ریکارڈ میں شہریت، شناخت یا خاندانی اندراج سے متعلق مستند شواہد کی بنیاد پر کوئی تضاد سامنے آئے تو ہر کیس کا انفرادی طور پر قانون اور مقررہ ضابطوں کے مطابق جائزہ لیا جاتا ہے۔ نادرا نے واضح کیا کہ متاثرہ شہریوں کو اپنا مؤقف پیش کرنے اور متعلقہ دستاویزات جمع کرانے کا مکمل موقع فراہم کیا جاتا ہے اور تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جاتا ہے۔ نادرا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور شناختی کارڈ سے متعلق معلومات کے لیے صرف ادارے کے سرکاری ذرائع سے رجوع کریں۔