کوئٹہ(ڈیلی صداقت ویب نیوز)آل پاکستان بس یونین اور پنجاب خیبرپختونخوا بس یونین کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ظاہر شاہ کاکڑ، جنرل سیکرٹری وزیر خان، اقبال سرگڑھ، حبیب اللہ اور دیگر عہدیداروں نے لکپاس کسٹم آتشزدگی کے واقعے کو کرپشن، نااہلی اور مفاد پرستی کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چند مفاد پرست اور دولت کے پجاری عناصر نے ذاتی مفادات کے حصول کیلئے نہ صرف ٹرانسپورٹروں اور تاجروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا بلکہ قومی خزانے کو بھی اربوں روپے سے محروم کردیا۔انہوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ لکپاس کسٹم آتشزدگی ایک معمولی واقعہ نہیں بلکہ ایک منظم سازش معلوم ہوتی ہے جس کے نتیجے میں بے شمار ٹرانسپورٹروں کی محنت کی کمائی جل کر خاکستر ہوگئی۔ بسوں، کوچز، گاڑیوں اور قیمتی سامان کی تباہی سے ٹرانسپورٹ سیکٹر شدید بحران کا شکار ہوگیا ہے جبکہ متاثرہ خاندان شدید ذہنی اذیت اور معاشی مشکلات سے دوچار ہیں۔ رہنماں نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری تھی کہ کسٹم گوداموں اور پارکنگ ایریاز میں موثر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جاتے تاکہ اس قسم کے افسوسناک سانحات سے بچا جاسکے، مگر افسوس کہ غفلت اور بدانتظامی کے باعث قیمتی جان و مال کو شدید نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے جن کے شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی اعلی سطحی تحقیقات کراکے اصل ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور متاثرہ ٹرانسپورٹروں، تاجروں اور گاڑی مالکان کو فوری اور مکمل معاوضہ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر متاثرین کو انصاف فراہم نہ کیا گیا تو ٹرانسپورٹر تنظیمیں سخت احتجاجی لائحہ عمل اختیار کرنے پر مجبور ہوں گی۔
