مقامی ۲۸ جولائی ۲۰۲۶

آپریشن “العزم” کے تحت خضدار اور سوراب میں 10 دہشت گرد ہلاک، بھاری اسلحہ برآمد

کوئٹہ (ویب نیوز): بلوچستان میں جاری آپریشن “العزم” کے تحت سیکیورٹی فورسز نے خضدار کی تحصیل انجیرہ اور ضلع سوراب میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان (بی ایل اے) سے تعلق رکھنے والے 10 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خضدار میں آٹھ اور سوراب کے علاقے حاجیکہ میں دو دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، گولہ بارود، دھماکہ خیز مواد، مواصلاتی آلات اور سیٹلائٹ فونز برآمد کیے گئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔ کارروائیوں کے بعد متاثرہ علاقوں میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور بلوچستان سمیت ملک بھر میں پائیدار امن کے قیام تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔