کوئٹہ (ویب نیوز): کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی شیشہ کیفوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر شہریوں، والدین اور سماجی حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں رات گئے تک شیشہ کیفے کھلے رہتے ہیں جہاں کم عمر نوجوان بھی آتے ہیں، جس سے صحت، امن و امان اور سماجی ماحول متاثر ہو رہا ہے۔ بعض شہریوں نے بااثر افراد کی سرپرستی اور مبینہ پولیس بھتہ خوری کے الزامات بھی عائد کیے، تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔ عوام نے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی شیشہ کیفوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن، کم عمر افراد کے داخلے پر پابندی اور شفاف تحقیقات یقینی بنائی جائیں۔
