مقامی ۲۶ جولائی ۲۰۲۶

عمران بابر کے اغوا اور قتل کی شفاف تحقیقات کی جائیں، اے این پی

کوئٹہ (ویب نیوز)عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) بلوچستان نے ضلع ہرنائی کے علاقے کھوسٹ کے رہائشی عمران بابر کے اغوا کے بعد قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان خصوصاً پشتون علاقوں میں بڑھتی ہوئی بدامنی انتہائی تشویشناک ہے۔ پارٹی کے صوبائی دفتر باچا خان مرکز سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عمران بابر کو چند روز قبل ان کے گھر سے نامعلوم مسلح افراد اغوا کرکے لے گئے تھے، جن کی لاش بعد ازاں برآمد ہوئی۔ اے این پی نے واقعے کی فوری، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات، ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سزا دینے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی بنیادی ذمہ داری شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ پارٹی نے ہرنائی میں امن و امان کی خراب صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت اور مرحوم کے لیے مغفرت کی دعا بھی کی۔