مقامی ۲۶ جولائی ۲۰۲۶

کوئٹہ میں واٹر ٹینکرز کی ہڑتال ختم، حکومت اور ایسوسی ایشن کے مذاکرات کامیاب

کوئٹہ (ویب نیوز)کوئٹہ میں واٹر ٹینکر اور واٹر سپلائی ایسوسی ایشن کی ہڑتال حکومت اور ایسوسی ایشن کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد ختم کر دی گئی۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے سوشل ویلفیئر حاجی ولی محمد نورزئی نے واٹر ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ٹینکر مالکان کے مسائل کے حل کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی اور ان کے تمام مطالبات وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے سامنے پیش کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ ہمارا شہر ہے اور اس کے مسائل کا حل حکومت کی ذمہ داری ہے، جبکہ صوبائی حکومت عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے حل اور واٹر سپلائی کے نظام کی بہتری کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ اس موقع پر واٹر ٹینکرز ایسوسی ایشن کے صدر نجیب ترین نے کہا کہ حکومتی یقین دہانی کے بعد ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور وزیراعلیٰ بلوچستان و حاجی ولی محمد نورزئی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ٹینکر مالکان کے مسائل سنے۔ واٹر سپلائی ایسوسی ایشن کے صدر جمیل اچکزئی نے بھی مذاکرات میں تعاون پر حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مطالبات کے حل کے لیے جلد عملی اقدامات کیے جائیں گے۔