کوئٹہ (ویب نیوز)صدرِ مظلوم اولسی تحریک ضلع چمن نے امن و امان کی بگڑتی صورتحال، بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور چمن-کوئٹہ ریلوے سروس کی معطلی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سرحدی تجارت میں کمی اور کاروباری سرگرمیوں کی سست روی کے باعث ہزاروں خاندان معاشی مشکلات سے دوچار ہیں جبکہ نوجوان بے روزگاری کی وجہ سے مایوسی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چمن-کوئٹہ ریلوے ٹرین کی بحالی نہ صرف عوام کو سستی، محفوظ اور آسان سفری سہولت فراہم کرے گی بلکہ مقامی تجارت اور روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ امن و امان کے قیام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، نوجوانوں کے لیے روزگار کی فراہمی اور چمن کی معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جائیں۔ صدرِ مظلوم اولسی تحریک نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ تنظیم عوام کے آئینی و قانونی حقوق، امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔
