مقامی ۲۶ جولائی ۲۰۲۶

چاغی کے رہائشیوں کے بلاک شناختی کارڈز، میر صادق سنجرانی کا چیئرمین نادرا کو خط

کوئٹہ (ویب نیوز)رکن بلوچستان اسمبلی اور سابق چیئرمین سینیٹ میر محمد صادق خان سنجرانی نے ضلع چاغی کے سرحدی علاقوں کے رہائشیوں کے قومی شناختی کارڈز بلاک ہونے کے معاملے پر چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کو خط ارسال کرتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ خط میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ایران اور افغانستان سے تاریخی، سماجی اور خاندانی روابط رکھنے والے متعدد شہریوں کے شناختی کارڈ صرف سفری ریکارڈ کی بنیاد پر، بغیر پیشگی اطلاع اور وضاحت کا موقع دیے بلاک کیے گئے ہیں، جس سے سرکاری ملازمین، طلبہ، کاروباری افراد اور دیگر شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نادرا کے اعلیٰ حکام پر مشتمل خصوصی بورڈ دالبندین بھیج کر متاثرہ افراد کے معاملات کی شفاف اور میرٹ پر جانچ کی جائے تاکہ حقیقی پاکستانی شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔