مقامی ۲۶ جولائی ۲۰۲۶

محکمہ صحت کو اضافی 5.404 ارب روپے ملنے کے باوجود نتائج پر سوالات

کوئٹہ (ویب نیوز)بلوچستان کے محکمہ صحت کو گزشتہ مالی سال کے دوران اصل بجٹ کے علاوہ 5.404 ارب روپے اضافی فنڈز فراہم کیے جانے کے باوجود صحت کی سہولیات میں نمایاں بہتری نہ آنے پر مختلف حلقوں نے شفافیت اور جوابدہی کا مطالبہ کیا ہے۔ مبصرین اور سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ اضافی فنڈز کا مقصد سرکاری ہسپتالوں میں ادویات، طبی آلات، تشخیصی سہولیات، ایمرجنسی سروسز اور علاج معالجے کے نظام کو بہتر بنانا تھا، تاہم آج بھی بیشتر ہسپتال ادویات کی قلت، جدید مشینری کی کمی اور بنیادی سہولیات کے فقدان کا شکار ہیں، جبکہ مریضوں کو علاج کے لیے نجی ہسپتالوں یا دوسرے صوبوں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ عوامی حلقوں نے حکومت بلوچستان اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ اضافی فنڈز کے استعمال، مکمل کیے گئے منصوبوں، خریدی گئی طبی سہولیات اور حاصل ہونے والے نتائج کی تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ اربوں روپے کے اضافی اخراجات سے صحت کے شعبے میں عملی طور پر کیا بہتری آئی اور عوام کو اس کا کتنا فائدہ پہنچا۔