مقامی ۲۶ جولائی ۲۰۲۶

نئے ایم ایس نے استا محمد سول ہسپتال میں اصلاحات اور سخت نگرانی کا اعلان کردیا۔

استا محمد (نمائندہ خصوصی) تحصیل ہیڈکوارٹر سول ہسپتال استا محمد کے نئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سید زین العابدین شاہ سے استا محمد پریس کلب رجسٹرڈ کے چیئرمین عبداللہ مگسی نے ملاقات کی، جس میں ہسپتال کو درپیش مسائل، ادویات اور ڈاکٹروں کی کمی سمیت طبی سہولیات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ایم ایس سید زین العابدین شاہ نے کہا کہ ہسپتال میں موجود انتظامی اور طبی مسائل کے حل میں وقت لگے گا، تاہم بطور کارڈیالوجسٹ ان کی اولین ترجیح دل کے مریضوں کو فوری طبی امداد اور ای سی جی کی سہولت فراہم کرنا ہوگی۔ انہوں نے تمام ڈاکٹروں اور عملے کو ڈیوٹی کی پابندی کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ غیر حاضری برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے گائنی وارڈ میں مریضوں سے غیر قانونی رقوم وصول کرنے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے واضح کیا کہ ایسے اقدامات ہرگز برداشت نہیں ہوں گے، جبکہ ڈینٹل وارڈ کی بہتری اور سرکاری اوقات میں نجی کلینک چلانے والے ڈاکٹروں کو اپنی سرکاری ذمہ داریوں کو ترجیح دینے کی بھی ہدایت کی۔