کوئٹہ(ویب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ نے اعلان کیا ہے کہ موجودہ دہشت گردی اور خراب امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر رواں سال 23 ستمبر کو پشتون کلچر ڈے کی تقریبات سادگی، سنجیدگی اور وقار کے ساتھ منعقد کی جائیں گی۔ پارٹی نے تمام ضلعی تنظیموں کو ہدایت کی ہے کہ تقریبات میں پشتو زبان، تاریخ، ادب، ثقافت، روایات اور مثبت سماجی اقدار کو اجاگر کیا جائے۔ کوئٹہ پریس کلب میں بھی تقریب منعقد ہوگی۔ بیان کے مطابق پشتون کلچر ڈے کا مقصد اپنی تاریخی شناخت اور ثقافتی ورثے کو نئی نسل تک منتقل کرنا اور دنیا کے سامنے پشتونوں کی امن، رواداری، مہمان نوازی اور انسان دوستی پر مبنی روایات اجاگر کرنا ہے۔ پارٹی کے مطابق 2015 میں کوئٹہ میں منعقدہ پشتو عالمی ادبی کانفرنس میں ہر سال 23 ستمبر کو پشتون کلچر ڈے منانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا تھا۔
