جعفرآباد (ویب نیوز) ڈیرہ اللہ یار کے مصروف مزدور چوک پر دن دہاڑے ڈکیتی کی بڑی واردات میں چار نامعلوم مسلح ڈاکو تاجر پہلاج سنگھ کی دکان میں گھس گئے، اسلحے کے زور پر تاجر اور دکان میں موجود گاہکوں کو یرغمال بنا کر 15 لاکھ روپے نقد رقم لوٹ لی اور بآسانی فرار ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی جعفرآباد محمد معروف عثمان، ڈی ایس پی طالب حسین لاشاری اور دیگر پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے، جبکہ علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں مسلح ملزمان کو لوٹ مار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
