ڈیرہ مراد جمالی (ویب نیوز)ڈیرہ مراد جمالی کے مزدور چوک پر واقع قومی شاہراہ کے کنارے نصب سرکاری اسٹریٹ لائٹ مبینہ طور پر ایک دکاندار کے ملازم نے دو روز قبل دن دیہاڑے سیڑھی لگا کر اتار لی۔ مقامی افراد کے مطابق نیٹ کے تار کی مرمت کا بہانہ بنا کر اسٹریٹ لائٹ کھمبے سے اتاری گئی جبکہ موقع پر دکاندار بھی موجود تھا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ماضی میں گلی محلوں سے اسٹریٹ لائٹس کی چوری کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں، تاہم اب مرکزی شاہراہ پر نصب سرکاری لائٹس بھی مبینہ طور پر اتاری جا رہی ہیں، حالانکہ مزدور چوک پر پولیس اہلکار بھی تعینات رہتے ہیں۔ عوام نے ڈپٹی کمشنر نصیرآباد اور اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کر کے اگر چوری یا غیرقانونی طور پر سرکاری املاک ہٹانے کی تصدیق ہو تو اسٹریٹ لائٹ برآمد کر کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
