مقامی ۲۴ جولائی ۲۰۲۶

چاغی میں الائیڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کا اجلاس، صحت کی سہولیات اور ویکسینیٹرز کے مسائل فوری حل کرنے کا مطالبہ

دالبندین(ویب نیوز) چاغی الائیڈ ہیلتھ آرگنائزیشن ضلع چاغی کے اجلاس میں ضلع بھر میں صحت کی بنیادی سہولیات کی بہتری اور ویکسینیٹرز کو درپیش مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت ضلع صدر کامریڈ اللہ نور بلوچ نے کی، جبکہ چیف آرگنائزر میر حمل خان نوتیزئی، چیئرمین زین شیر بلوچ، جنرل سیکرٹری عزیز راسکوئی، ممبر پیر بخش نوتیزئی اور پمسا 2076 کے رہنما بغداد شاہ نوتیزئی نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں خدمات انجام دینے والے ویکسینیٹرز اور ہیلتھ ورکرز کو متعدد مشکلات کا سامنا ہے، جن کے باعث عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پولیو، حفاظتی ٹیکہ جات اور دیگر انسدادِ امراض مہمات میں اہم کردار ادا کرنے والے ویکسینیٹرز کے جائز مطالبات ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔ اجلاس میں الائیڈ ہیلتھ اسٹاف کے حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے محکمہ صحت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا گیا کہ ویکسینیٹرز اور دیگر ہیلتھ ورکرز کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔