مقامی ۲۴ جولائی ۲۰۲۶

تمام سیاسی و سماجی مسائل کا حل جمہوری اور پارلیمانی نظام میں ہے، میر ضیا اللہ لانگو

کوئٹہ(ویب نیوز)صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ حکومت نے کبھی بھی مذاکرات اور بات چیت کے عمل سے انکار نہیں کیا، جبکہ تمام سیاسی و سماجی مسائل کا پائیدار حل صرف جمہوری اور پارلیمانی طریقہ کار کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ سیاسی و قبائلی عمائدین کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی مفادات کے معاملات میں اختلافِ رائے کو ملک دشمنی کے بجائے مثبت سیاسی عمل کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی سیاست ہی وہ مؤثر پلیٹ فارم ہے جہاں مختلف سیاسی قوتیں آئینی دائرے میں رہتے ہوئے اپنے تحفظات اور مطالبات پیش کر سکتی ہیں، جبکہ سیاسی اختلاف جمہوریت کا حسن ہے اور بہتر پالیسی سازی کا ذریعہ بنتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قومی یکجہتی، مکالمے، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دے کر ہی ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے اور ایک مضبوط، مستحکم اور متحد پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔