مقامی ۸ جولائی ۲۰۲۶

ہنہ اوڑک اور زیارت سانحات ریاستی اداروں کی سنگین ناکامی کا ثبوت ہیں، خوشحال خان کاکڑ

کوئٹہ (ویب نیوز) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ ہنہ اوڑک میں چار شہریوں کی شہادت، 11 افراد کے لاپتہ ہونے اور زیارت میں پولیس پر حملے کے نتیجے میں اہلکاروں کی شہادت و لاپتگی کے واقعات ریاستی اداروں اور حکومت کی سنگین ناکامی کا واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے، تاہم بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال مسلسل خراب ہو رہی ہے۔ انہوں نے ہنہ اوڑک اور زیارت کے تمام لاپتہ افراد و اہلکاروں کی فوری اور محفوظ بازیابی، دہشت گردی میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی، شہداء کے ورثا کو انصاف اور بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے عملی اقدامات کا مطالبہ کیا۔