کوئٹہ (ویب نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا نے کہا ہے کہ جمہوریت اور جمہوری اداروں کو مضبوط نہ ہونے دینے کے باعث ملک مسلسل سیاسی، آئینی اور معاشی بحرانوں کا شکار رہا۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری، عوامی مینڈیٹ کے احترام اور جمہوری اقدار کے فروغ کے بغیر نہ سیاسی استحکام ممکن ہے اور نہ ہی عوامی مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشتون اور بلوچ اقوام اپنے آئینی حقوق، قومی شناخت اور وسائل پر اختیار صرف جمہوری جدوجہد کے ذریعے حاصل کر سکتی ہیں۔ مابت کاکا نے اعلان کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی 10 جولائی کو شہید مولانا خانزیب کی یاد منائے گی، جبکہ کارکنوں پر زور دیا کہ وہ ورکرز کنونشن کو کامیاب بنانے اور پارٹی کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔
