ژوب (ویب نیوز)خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی سرحد پر واقع دانا سر کے مقام پر پیش آنے والے المناک بس حادثے کے ایک زخمی مسافر نے دعوی کیا ہے کہ حادثے سے قبل بس میں ایرانی ڈیزل موجود تھا، جو ایک چیک پوسٹ پر ضبط کر لیا گیا تھا۔ زخمی مسافر حسین احمد کے مطابق چیک پوسٹ سے روانگی کے بعد چلتی بس میں ڈرائیور اور بعض مسافروں کے درمیان تلخ کلامی اور جھگڑا شروع ہوگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بس کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی اور اس میں 45 مسافر سوار تھے۔ زخمی مسافر کے مطابق جھگڑے کے بعد بس حادثے کا شکار ہوگئی۔ تاہم حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ حکام کی جانب سے مختلف پہلوں سے تحقیقات جاری ہیں اور کسی بھی دعوے کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی گئی۔
