مقامی ۲۴ جون ۲۰۲۶

خیزی چوک میں تجاوزات اور ٹریفک جام، شہریوں کا آئی جی پولیس سے فوری مداخلت کا مطالبہ

کوئٹہ (ویب نیوز) کوئٹہ کے علاقے خیزی چوک اسمنگلی روڈ پر تجاوزات اور روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے شدید ٹریفک جام کے خلاف شہریوں نے آئی جی پولیس بلوچستان سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ عوامی حلقوں کے مطابق بعض دکانداروں اور سبزی فروشوں کی جانب سے سڑک پر سامان رکھنے اور تجاوزات قائم کرنے کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو رہی ہے، جبکہ متعدد شکایات کے باوجود مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں سے بارہا رجوع کیا گیا، تاہم صورتحال جوں کی توں برقرار ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ خیزی چوک اسمنگلی روڈ پر قائم تجاوزات کے خاتمے، ٹریفک کی روانی کی بحالی، خروٹ آباد پولیس کی کارکردگی کے جائزے اور عوامی شکایات کی شفاف تحقیقات کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو اور قانون کی بالادستی یقینی بنائی جا سکے۔