قلعہ عبداللہ (ویب نیوز) ضلع قلعہ عبداللہ میں ایک رہائشی مکان کی مبینہ مسماری کے خلاف متاثرہ خاندان اور ان کے حامیوں کی جانب سے کوئٹہ۔چمن قومی شاہراہ پر کیا گیا احتجاج ضلعی انتظامیہ اور مظاہرین کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد ختم ہو گیا، جس کے نتیجے میں کئی گھنٹوں سے بند قومی شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال کر دی گئی۔ مظاہرین کا مؤقف تھا کہ ان کے گھر کی دیوار بلاجواز گرائی گئی، جبکہ ضلعی انتظامیہ کے مطابق مذکورہ تعمیرات سرکاری اراضی پر قائم تھیں اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی گئی۔ شاہراہ کی بندش کے باعث دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد ازاں مذاکرات میں مسئلے کے حل کے لیے قانونی و انتظامی طریقہ کار اختیار کرنے پر اتفاق ہوا، جس کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کرکے رکاوٹیں ہٹا دیں اور ٹریفک کی روانی بحال ہو گئی۔
