کان مہترزئی (ویب نیوز) ضلع پشین کے علاقے کان مہترزئی میں افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں انسداد دہشت گردی فورس (اے ٹی ایف) کا ایک اہلکار جاں بحق جبکہ سات دیگر اہلکار زخمی ہو گئے۔ لیویز کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب اے ٹی ایف کی گاڑی قومی شاہراہ پر ایک کرین سے ٹکرا گئی۔ اہلکار ایک سیکیورٹی اسکواڈ کا حصہ تھے جو جمعیت علمائے اسلام (ف) کے بلوچستان کے امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع کے قافلے کے ساتھ ڈیوٹی پر مامور تھے۔ حادثے کے بعد مقامی افراد، ریسکیو ٹیموں اور سیکیورٹی اداروں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے جبکہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ جاں بحق اہلکار کی شناخت کانسٹیبل عرفان حیدر کے نام سے ہوئی ہے جن کا تعلق ضلع بولان سے تھا۔ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔
