سبی ((وېب نيوز)گرینڈ الائنس بلوچستان کی مرکزی قیادت کے فیصلے کی روشنی میں ضلع سبی میں دو روزہ باقاعدہ احتجاجی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ گرینڈ الائنس سبی کے صدر خدا بخش سیلاچی کی قیادت میں 11 اور 12 جون کو ضلع بھر کے سرکاری دفاتر میں ملازمین نے بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر لاک ڈان مہم کا آغاز کیا، جس کا بنیادی مقصد ملازمین کے خلاف مبینہ حکومتی اقدامات کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانا اور اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنا ہے۔ اس سلسلے میں گرینڈ الائنس سبی میں شامل مختلف فعال تنظیموں، جن میں بی اینڈ آر ایمپلائز ایسوسی ایشن، ایپکا، پینشنرز ایسوسی ایشن، وطن ٹیچرز ایسوسی ایشن، الائیڈ ہیلتھ ایسوسی ایشن، ایریگیشن ایمپلائز ایسوسی ایشن، ایگریکلچر ورکرز یونین اور گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے مرکزی نمائندوں اور ذمہ داران نے مشترکہ طور پر مختلف سرکاری دفاتر کا تفصیلی دورہ کیا۔تنظیموں کے نمائندوں نے ایریگیشن، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، محکمہ تعلیم، کمشنر آفس، ڈپٹی کمشنر آفس، محکمہ زراعت، محکمہ صحت اور بی اینڈ آر کے دفاتر کا دورہ کر کے ملازمین سے ملاقاتیں کیں اور انہیں سیاہ پٹیاں باندھ کر اس احتجاجی مہم کا عملی حصہ بنایا۔ اس موقع پر تمام محکموں کے ملازمین نے گرینڈ الائنس بلوچستان کی مرکزی قیادت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ گرینڈ الائنس سبی کے رہنماں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں حکومت کی جانب سے ملازمین اور الائنس کی قیادت کے خلاف کی جانے والی مبینہ انتقامی کارروائیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں ناقابلِ قبول قرار دیا اور کہا کہ بلوچستان کے سرکاری ملازمین ایسے اقدامات سے ہرگز مرعوب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے حکومتِ بلوچستان سے پرزور مطالبہ کیا کہ ملازمین کے خلاف انتقامی کارروائیاں فوری بند کر کے گرینڈ الائنس کے پیش کردہ 12 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ کو بلا تاخیر منظور کیا جائے، بصورتِ دیگر احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی۔
