مقامی ۱۳ جون ۲۰۲۶

ہرنائی، شاہرگ میں 20 گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف آل پارٹیز اور تاجروں کا احتجاج، کوئٹہ شاہراہ بلاک

ہرنائی(وېب نيوز)ضلع ہرنائی کی تحصیل شاہرگ میں بجلی کی 20 گھنٹے سے زائد طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف آل پارٹیز، انجمن تاجران اور سول سوسائٹی کی جانب سے شدید احتجاج کرتے ہوئے ہرنائی کوئٹہ قومی شاہراہ کو شاہرگ پھاٹک کے مقام پر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ احتجاجی مظاہرین نے مرکزی شاہراہ پر ٹینٹ لگا کر دھرنا دے دیا ہے، جس کے باعث سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ قومی شاہراہ کی اس بندش کی وجہ سے ہرنائی سے کوئٹہ جانے اور دیگر علاقوں سے ہرنائی آنے والے مسافروں، بالخصوص خواتین، بچوں، مریضوں اور ضعیف العمر افراد کو شدید گرمی میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مظاہرین کا موقف ہے کہ اس شدید گرمی کے موسم میں شاہرگ کے عوام کو 20 گھنٹوں سے زائد کی بدترین لوڈشیڈنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس سے زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ مین قومی شاہراہ کی بندش کے باعث متبادل کے طور پر مسافروں کو ڈومیارہ کے انتہائی خطرناک اور کچے روڈ پر جوکھوں بھرا سفر کر کے اپنی منزلِ مقصود تک پہنچنا پڑ رہا ہے۔ آخری اطلاعات آنے تک شاہرگ میں کیسکو حکام کے خلاف احتجاجی دھرنا پوری شدت کے ساتھ جاری تھا، جبکہ دھرنا ختم کرانے اور شاہراہ پر ٹریفک بحال کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ یا کیسکو حکام کے کسی بھی ذمہ دار افسر نے مظاہرین سے اب تک کوئی مذاکرات نہیں کیے ہیں۔