مقامی ۱۰ جون ۲۰۲۶

کالجوں میں شعبہ پشتو کو تکنیکی انداز میں ختم کرنے کی سازشیں قابلِ مذمت، پشتونخوامیپ کا سخت ردعمل

کوئٹہ(صداقت ویب سائٹ)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں جنوبی پشتونخوا، بالخصوص کوئٹہ کے بوائز اور گرلز ڈگری و پوسٹ گریجویٹ کالجوں میں شعبہ پشتو کے اساتذہ کے تبادلوں اور شعبہ پشتو کو تکنیکی انداز میں ختم کرنے کے اقدامات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پشتون دشمن پالیسی قرار دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتو زبان، تہذیب و تمدن، ثقافت اور قومی تشخص کے خلاف یہ اقدامات باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کیے جا رہے ہیں، جن کا مزموم مقصد تعلیمی اداروں میں پشتو زبان و ادب کی تدریس کو محدود اور بتدریج ختم کرنا ہے۔ یہ عمل نہ صرف پشتون عوام کے لسانی و ثقافتی حقوق پر حملہ ہے بلکہ آئینی اور جمہوری اصولوں کے بھی سراسر منافی ہے۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے حکومت اور محکمہ تعلیم سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ جنوبی پشتونخوا کے تمام بوائز اور گرلز ڈگری و پوسٹ گریجویٹ کالجوں میں پشتو زبان و ادب کی تدریس کے لیے درکار اساتذہ کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور شعبہ پشتو کے خلاف جاری تمام سازشی اقدامات اور پالیسیوں کا فوری خاتمہ کیا جائے۔ بیان میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ پشتون عوام اپنی زبان، ثقافت اور قومی تشخص کے تحفظ کے لیے ہر جمہوری اور آئینی فورم پر بھرپور آواز بلند کرتے رہیں گے اور کسی بھی صورت اپنی مادری زبان کے خلاف کیے جانے والے اقدامات کو قبول نہیں کریں گے۔