مقامی ۱۰ جون ۲۰۲۶

دکی کے نرہن پولیس تھانے پر نامعلوم مسلح افراد کا حملہ، ایک اہلکار شہید اور دو زخمی

دکی (ویب نیوز) دکی کے علاقے نرہن میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس تھانے پر اچانک حملہ کر دیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق، حملے کے وقت وہاں تعینات پولیس جوانوں نے انتہائی جوانمردی اور بہادری کے ساتھ مسلح ملزمان کا مقابلہ کیا۔ اس شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جامِ شہادت نوش کر گیا جبکہ دو اہلکار شدید زخمی ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر سول ہسپتال دکی منتقل کیا جا رہا ہے۔پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ حملے میں شہید ہونے والے مخلص اہلکار کی شناخت سید حسن زرکون کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی ہونے والے جوانوں میں محمد ولی زرکون اور بلوچ خان لونی شامل ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی دکی منصور احمد بزدار کی خصوصی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری، اینٹی ٹیررسٹ فورس اور فرنٹیئر کلوپ کی کوئک ریسپانس فورس جائے وقوعہ کے لیے روانہ ہو چکی ہے تاکہ مفرور حملہ آوروں کا تعاقب کر کے علاقے کو کلیئر کیا جا سکے۔