مقامی ۱۰ جون ۲۰۲۶

بلوچستان کے علاقے خضدار میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، “فتنہ الہندوستان” کے 14 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی ،کوئٹہ(ویب نیوز) سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے نال میں ایک کامیاب اور موثر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم “فتنہ الہندوستان” کے 14 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق، یہ کارروائی نال ایریا میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر کی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق، بھارتی پراکسی “فتنہ الہندوستان” کے دہشت گردوں نے پولیس اسٹیشنوں اور بینکوں پر بڑے حملوں کا دلسوز منصوبہ بنا رکھا تھا، جسے فورسز نے فوری اور تیز ترین آپریشن کے ذریعے بروقت ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو مثر طور پر روک کر ان کے زیرِ استعمال 4 گاڑیاں اور بھاری مقدار میں آئی ای ڈیز تباہ کر دی گئیں۔دہشت گردوں کے خلاف اس شدید لڑائی کے دوران وطنِ عزیز کے دفاع میں مصروف بہادر سپوت لانس حوالدار محمد عباس نے مردانگی سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ نال اور گردونواح کے علاقوں میں موجود کسی بھی دوسرے ممکنہ شرپسند کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بدستور جاری ہے، اور صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ مہم پوری عسکری قوت کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔