خانوزئی (ویب نیوز)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے نگاندہ اور زرغونہ کے علاقوں میں منعقدہ ایک بڑے شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشتون قوم اپنے وطن کے قدرتی وسائل، معدنی ذخائر، پانی، زمین اور دیگر قومی دولت کے اصل وارث ہیں، لیکن بدقسمتی سے آج بھی انہیں اپنے وسائل اور قومی معاملات پر مکمل اختیار حاصل نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی پشتون قوم کے سیاسی، معاشی، ثقافتی اور قومی حقوق کے تحفظ، وسائل پر عوامی اختیار اور حقیقی جمہوری حکمرانی کے قیام کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے اور یہ اصولی تحریک اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گی۔ خوشحال خان کاکڑ نے کہا کہ پشتون وطن میں پسماندگی، بے روزگاری، بدامنی، تعلیمی زبوں حالی اور صحت کی ناکافی سہولیات کی بنیادی وجہ فیصلہ سازی کے حق سے محرومی ہے؛ جب تک عوام کو اپنی مرضی کے مطابق فیصلے کرنے کا حق نہیں دیا جاتا، ترقی و خوشحالی کا خواب شرمند تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے پشتونوں کے درمیان اتحاد، سیاسی شعور اور قومی یکجہتی پر زور دیتے ہوئے اعلان کیا کہ ان قومی مقاصد کے حصول کے لیے تمام سیاسی جماعتوں، دانشوروں اور نوجوانوں سے رابطہ کر کے ایک وسیع عوامی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔اس بڑے عوامی اجتماع میں ڈاکٹر جعفر افغان، سید احمد کاکڑ، محیب الرحمن، محمد اشرف، کامران خوشحال، عتیق اللہ، حیات اللہ، داد خان، محمد عارف، نیاز محمد، میرویس خان اور حاجی شاکر خان کی قیادت میں 400 افراد نے مختلف پارٹیوں سے مستعفی ہو کر پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔ نئے شامل ہونے والے کارکنوں نے کہا کہ وہ ماضی میں پشتونخوا ایس او اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا حصہ رہے ہیں، تاہم 2016 میں پارٹی کے اندر بعض عناصر کی جانب سے پیدا کیے گئے بحران اور آئین و منشور سے انحراف کے باعث انہوں نے علیحدگی اختیار کی تھی اور آج وہ ایک اصولی، جمہوری اور قومی سیاسی کاروان کا حصہ بننے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔اجتماع سے پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات محمد عیسی روشان، صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، محمود ریاض، ڈاکٹر جعفر خان، قادر خان اور دیگر رہنماں نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی سیاسی فکر، جمہوری جدوجہد اور قومی قربانیوں کا تسلسل ہے، اور پارٹی اسی فکر کی روشنی میں صوبائی خودمختاری اور وسائل پر عوامی اختیار کے لیے کوشاں ہے۔ مقررین نے 21 جون 2026 کو قلعہ سیف اللہ فٹبال اسٹیڈیم میں ملی شہید عثمان خان کاکڑ کے پانچویں یومِ شہادت کے موقع پر منعقد ہونے والے عظیم الشان جلس عام کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ یہ جلسہ پشتون قوم کے قومی وقار اور سیاسی خودمختاری کی جدوجہد کے عزم کی تجدید کا ایک تاریخی موقع ثابت ہوگا۔ انہوں نے زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ 21 جون کو قلعہ سیف اللہ میں بھرپور شرکت کرکے ملی شہید عثمان خان کاکڑ کے مشن کے ساتھ اپنی وابستگی کا عملی اظہار کریں اور اس سلسلے میں عوامی رابطہ مہم، کارنر میٹنگز اور سیاسی آگاہی کو مزید تیز کیا جائے۔ اس موقع پر پارٹی کے ضلعی سیکریٹری محمود ریاض، سردار فیصل خان ترین، حاجی فضل الرحمن الکوزئی، ڈاکٹر حیات، عظیم ترین، حیات کارمل، عبید اللہ پانیزئی، سمیع اللہ بازی اور سیاسی و عوامی حلقوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
