مقامی ۹ جون ۲۰۲۶

محکمہ خزانہ نے مالی سال 2026-27 کے صوبائی بجٹ کی سمری وزیر اعلی بلوچستان کو ارسال کر دی

کوئٹہ (ویب نیوز)محکمہ خزانہ بلوچستان نے مالی سال 2026-27 کے نئے صوبائی بجٹ کی پیشی کے لیے باقاعدہ سمری وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو ارسال کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق، صوبائی بجٹ 14 یا 19 جون کو بلوچستان اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں پیش کیے جانے کا قوی امکان ہے؛ میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیرِ خزانہ 19 جون کو مالی سال 2026-27 کا سالانہ بجٹ ایوان میں پیش کریں گے، تاہم تاریخ کا حتمی و باضابطہ اعلان متعلقہ حکام اور کابینہ کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں بجٹ کی تیاری کے عمل کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور مختلف سرکاری محکموں کی مالی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے وسائل کی تقسیم کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق، آئندہ مالی سال کے مجوزہ بجٹ کا مجموعی حجم تقریبا 1200 ارب روپے تجویز کیا گیا ہے، جس میں ترقیاتی منصوبوں اور غیر ترقیاتی یعنی سرکاری امور کے اخراجات کے لیے الگ الگ فنڈز مختص کیے جائیں گے۔ بجٹ دستاویزات کی تیاری کا عمل اس وقت اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے، جس میں صوبے کی مجموعی مالی ضروریات اور مختلف اہم شعبوں کے لیے فنڈز مختص کیے جانے کی تجاویز زیرِ غور ہیں۔ دوسری جانب، عوامی و تجارتی حلقے اس بجٹ کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں اور یہ توقع کی جا رہی ہے کہ صوبے کی پسماندگی کو دور کرنے کے لیے مختلف فلاحی شعبوں اور نئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے مناسب مالی گنجائش رکھی جائے گی۔