کوئٹہ(ویب نیوز)صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمن خان ملاخیل نے سول ہسپتال کوئٹہ میں خاتون ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر تیزاب پھینکنے کے دلخراش اور افسوسناک واقعے پر گہری تشویش اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اس سفاکانہ، غیر انسانی اور مجرمانہ فعل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے ایک جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ خواتین، خصوصا شعبہ صحت سے وابستہ افراد پر ایسے بزدلانہ حملے کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے کسی صورت قابلِ قبول نہیں؛ ڈاکٹر ماہ نور ناصر عوام کی خدمت کے مقدس فریضے کی انجام دہی میں مصروف تھیں اور ان پر اس نوعیت کا حملہ انتہائی افسوسناک ہے، لہذا متعلقہ ادارے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اور مثر اقدامات یقینی بنائیں۔نسیم الرحمن ملاخیل نے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے سول ہسپتال کوئٹہ کے ملازم عبدالرزاق ترکئی کے لیے سول ایوارڈ کے اعلان کو خوش آئند اور قابلِ تحسین اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ تیزاب گردی کے اس افسوسناک واقعے کے دوران عبدالرزاق ترکئی نے غیر معمولی بہادری، فرض شناسی اور انسان دوستی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر متاثرہ خاتون ڈاکٹر کی فوری مدد کی اور ہنگامی صورتحال میں جو قابلِ ستائش کردار ادا کیا، وہ پورے معاشرے کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ ایسے بہادر افراد کی سرکاری سطح پر حوصلہ افزائی معاشرے میں ایثار اور ذمہ داری کے جذبے کو فروغ دینے کا مثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے متاثرہ لیڈی ڈاکٹر اور ان کے اہل خانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی جلد و مکمل صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
