کوئٹہ(ویب نیوز)کوئٹہ کے سنڈیمن سول ہسپتال میں دورانِ ڈیوٹی تیزاب گردی کا شکار ہونے والی لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے بھائی فرحت خان کا پہلی بار تفصیلی بیان سامنے آیا ہے۔ یہ افسوسناک اور دلخراش واقعہ ہفتے کی دوپہر کوئٹہ میں پیش آیا تھا، جس کے بعد متاثرہ ڈاکٹر کے بھائی فرحت خان کا ایک جذباتی اور دردناک پیغام سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے اور اسے عوامی سطح پر بھرپور توجہ مل رہی ہے۔اپنے پیغام میں فرحت خان نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ‘میری بہن ڈاکٹر ماہ نور کے ساتھ یہ انتہائی دلخراش اور بزدلانہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ سول ہسپتال کے سرجری وارڈ میں عام دنوں کی طرح تندہی کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ ڈیوٹی سرانجام دے رہی تھیں، کہ اچانک اس دوران ان پر تیزاب پھینک دیا گیا’۔ متاثرہ ڈاکٹر کے بھائی نے عوام اور مقتدر حلقوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ‘اس وقت جس شدید ذہنی اور جسمانی اذیت سے میں اور میرے تمام اہلخانہ گزر رہے ہیں، اس کا اندازہ لگانا کسی کے لیے بھی بہت مشکل ہے۔ میں آپ سب سے دست بستہ درخواست کرتا ہوں کہ اس انتہائی مشکل اور کٹھن وقت میں ہماری آواز بنیں اور ہمارے ساتھ کھڑے ہوں؛ اللہ تعالی ہمیں اور ڈاکٹر ماہ نور کے والدین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ اور صبرِ جمیل عطا فرمائے’۔
