کوئٹہ(صداقت انٹرنیشنل ویب ڈیسک)بلوچستان یونیورسٹی ایمپلائز ایسوسی ایشن نے بلوچستان یونیورسٹی کے مالی بحران کے فوری حل کرنے کیلئے بلوچستان کی تمام جامعات کیلئے بجٹ میں 15ارب روپے کی رقم مختص سمیت ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کی سمری کو فوری منظور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بلوچستان یونیورسٹی ایمپلائز ایسوسی ایشن کا ایک ہنگامی اجلاس صدرشاہ علی بگٹی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں جنرل سیکرٹری گل جان کاکڑ سمیت تمام عہدیداروں نے شرکت کی۔اجلاس میں بلوچستان یونیورسٹی کو درپیش سنگین مالی بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی اور وفاقی حکومت سے فوری اور عملی اقدامات کا مطالبہ کیا گیا۔بلوچستان یونیورسٹی ایمپلائز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے آئندہ مالی سال کے صوبائی بجٹ میں بلوچستان کی سرکاری جامعات کیلئے مختص رقم کو 8 ارب روپے سے بڑھاکر 15 ارب روپے کرنے کا مطالبہ کیا۔بلوچستان یونیورسٹی ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر شاہ علی بگٹی اور جنرل سیکرٹری گل جان کاکڑ نے کہا کہ اعلی تعلیمی ادارے مالی بحران کی وجہ سے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں اگر فوری مالی معاونت فراہم نہ کی گئی تو تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی سرگرمیاں مزید متاثر ہوں گی لہذا وفاقی حکومت سے بھی مطالبہ کرت ہیں کہ ہائر ایجوکیشن سیکٹرکو درپیش مالی مشکلات کے پیش نظر ملک بھر کی جامعات کیلئے خصوصی مالی پیکج اور مختص رقم میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے تاکہ جامعات کو مالی استحکام حاصل ہو اور ملازمین، اساتذہ اور طلبہ کو درپیش مسائل کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔بلوچستان یونیورسٹی ایمپلائز ایسوسی ایشن کے تمام عہدیداروں نے متفقہ طور پر کہا کہ مالی بحران کے باعث بلوچستان یونیورسٹی کے تقریبا 145 ریٹائرڈ ملازمین، افسران اور اساتذہ کرام تاحال اپنی کموٹیشن، گریجویٹی، لیو انکیشمنٹ اور دیگر واجبات سے محروم ہیں صوبائی حکومت کی جانب سے اس بابت سمری تین سال سے مختلف دفاتر میں سردخانے میں پڑی ہے جس کے باعث ریٹائرڈ ملازمین شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں ہم مطالبہ کرتے ہیںکہ ریٹائرڈ ملازمین کے تمام بقایاجات کی ادائیگی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر خصوصی فنڈز فراہم کیے جائیں، بلوچستان یونیورسٹی ایمپلائز ایسوسی ایشن کی جانب سے متعدد بار تحریری درخواستوں کے باوجود یوٹیلیٹی الاو نس کی بحالی کا معاملہ تاخیر کا شکار ہے، جس سے ملازمین میں بے چینی پائی جاتی ہے، اسی طرح ایمپلائز سن کوٹہ کے تحت بھرتیوں، کلاس فور ملازمین کی جونیئر کلرک کے عہدوں پر تعیناتی اور ملازمین کی ترقیوں کیلئے ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کے فوری انعقاد کی ضرورت ہے تاکہ ملازمین کو ان کے جائز حقوق فراہم کیے جا سکیں۔
