کوئٹہ(صداقت انٹرنیشنل ویب ڈیسک)جمعیت علما اسلام کے مرکزی امیر و قائدِ جمعیت مولانا فضل الرحمن سے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع کی موجودگی میں جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبدالرحمن رفیق اور سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس کی قیادت میں ضلعی مجلسِ عاملہ کے اراکین نے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ضلعی قیادت نے قائدِ جمعیت کو ضلع کوئٹہ میں جماعتی سرگرمیوں، تنظیمی امور اور عوامی خدمات سے متعلق بریفنگ دی۔ مولانا فضل الرحمن نے ضلعی جماعت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داران کی کاوشوں کو سراہا اور مزید کامیابیوں کے لیے دعا کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قائدِ جمعیت مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ امن و استحکام کو نقصان پہنچانا ہمیشہ شیطانی اور استعماری قوتوں کا وطیرہ رہا ہے، بلوچستان سمیت پورے خطے کو جنگ و خونریزی کا اکھاڑہ بنانے کی سازشیں جاری ہیں جس کے لیے عوام کو ہوشیار رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قومیت، لسانیت اور فرقہ واریت کی بنیاد پر نفرتوں کو فروغ دے کر خانہ جنگی کی فضا پیدا کرنا دشمن قوتوں کی ضرورت ہے، لہذا بلوچستان کے باشعور شہری ان سازشوں کو سمجھیں اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے متحد رہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جے یو آئی نے ہمیشہ ملک کے خلاف ہونے والی سازشوں کا اصولی مقف اور سیاسی بصیرت سے مقابلہ کیا ہے، جبکہ علما کرام معاشرے میں امن، وحدت اور بھائی چارے کے سفیر ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی پرائی جنگ کا ایندھن بننے سے گریز کریں اور جذباتیت کے بجائے سنجیدگی و حکمت کا مظاہرہ کریں۔ملاقات میں وفد کے ہمراہ ضلعی مجلسِ عاملہ کے اراکین حافظ رشید احمد، مولانا سعید احمد، حاجی رحمت اللہ کاکڑ، حافظ شبیر احمد مدنی، حاجی قاسم خان خلجی، حاجی ولی محمد بڑیچ، حاجی صالح محمد، مفتی نیک محمد فاروقی، رحیم الدین ایڈوکیٹ، عبدالصمد حقیار، مولانا محمد عارف شمشیر، مولانا شعیب جدون، مفتی روزی خان بادیزئی، صفی اللہ مینگل، شاہ زاہد مشوانی، مفتی ابوبکر، مفتی محمد رضا خان، میر سرفراز شاہوانی، حاجی ظفراللہ کاکڑ، مولانا سید سعداللہ آغا، مولوی نقیب اللہ ملاخیل، عبدالباری شہزاد، مولانا جمال الدین حقانی، مفتی رشید احمد حقانی اور حاجی عطا محمد شمشوزئی سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔
