مقامی ۷ جون ۲۰۲۶

جھل مگسی کے علاقے نوشہرہ میں فائرنگ سے سڑک پر کام کرنے والا مزدور زخمی، ہسپتال منتقل

جھل مگسی(صداقت انٹرنیشنل ویب ڈیسک) جھل مگسی کے علاقے نوشہرہ میں مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے سڑک پر مزدوری کرنے والے ایک شخص کو شدید زخمی کر دیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق نوشہرہ میں روڈ کی تعمیر و مرمت کے کام میں مصروف مزدور، جس کی شناخت رستم بڑو کے نام سے ہوئی ہے، پر اچانک مسلح افراد نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ گولیوں کی زد میں آ کر زخمی ہو گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور زخمی مزدور کو فوری طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال گنداواہ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز انہیں طبی امداد فراہم کر رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات اور معلومات کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ کسی دیرینہ رشتے کے تنازعے کے باعث پیش آیا ہے، تاہم پولیس نے واقعے کی باقاعدہ رپورٹ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔