مقامی ۷ جون ۲۰۲۶

ژوب میں سیاہ شیشوں اور غیر قانونی نمبر پلیٹوں کے خلاف پولیس کا کریک ڈان، متعدد گاڑیوں کے شیشے اتار دیے گئے

ژوب (صداقت انٹرنیشنل ویب ڈیسک)سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی)ژوب سید عبدالصبور کی خصوصی نگرانی میں ژوب پولیس نے بلدیہ چوک میں سیاہ شیشوں، فینسی اور غیر قانونی نمبر پلیٹوں کے خلاف ایک بڑی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، جس کے دوران متعدد گاڑیوں کے سیاہ شیشے موقع پر ہی اتار دیے گئے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی سید عبدالصبور نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ قانون کی نظر میں تمام شہری برابر ہیں اور کسی کو بھی گاڑیوں پر سیاہ شیشے لگانے یا غیر قانونی و فینسی نمبر پلیٹیں استعمال کرنے کی قطعی اجازت نہیں دی جا سکتی، کیونکہ یہ نہ صرف قانون کی واضح خلاف ورزی ہے بلکہ سکیورٹی اداروں کے لیے بھی شدید مشکلات کا باعث بنتی ہے۔انہوں نے شہریوں سے پرزور اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کی ناخوشگوار قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے رضاکارانہ طور پر اپنی گاڑیوں سے سیاہ شیشے اور غیر قانونی نمبر پلیٹیں فوری طور پر ہٹا دیں؛ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ قانون شکن عناصر کے خلاف یہ بلاامتیاز مہم جاری رہے گی اور شہر میں قانون کی بالادستی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ دوسری جانب ژوب کے شہریوں اور عوامی حلقوں نے پولیس کی اس بروقت کارروائی کو زبردست سراہتے ہوئے اسے امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا ہے، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔