کوئٹہ(صداقت انٹرنیشنل ویب ڈیسک)عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی سے بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے ایک مرکزی وفد نے اہم ملاقات کی، جس کی قیادت بی این پی کے مرکزی کمیٹی کے رکن میر غلام نبی مری کر رہے تھے۔ وفد میں میر مقبول لہڑی، چیئرمین جاوید بلوچ اور میر غفور مینگل بھی شامل تھے، جبکہ اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری رشید خان ناصر اور رکن مرکزی کمیٹی ثنااللہ کاکڑ بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران سانحہ زہری اور بلوچستان کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اور بی این پی کے وفد نے سانحہ زہری کے خلاف 10 جون کو دی گئی شٹر ڈان ہڑتال کی کال پر اے این پی سے حمایت کی درخواست کی۔عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے بلوچستان نیشنل پارٹی کی جانب سے اعلان کردہ شٹر ڈان ہڑتال کی بھرپور اور مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ زہری ایک انتہائی افسوسناک اور ماورائے قانون واقعہ ہے، جس کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں اور باشعور عوام کو متحد ہو کر آواز بلند کرنی چاہیے۔ انہوں نے صوبے بھر کی تاجر برادری، کاروباری حلقوں اور عام عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ 10 جون کو سانحہ زہری کے خلاف اپنے تمام کاروباری مراکز بند رکھ کر شٹر ڈان ہڑتال کو مکمل طور پر کامیاب بنائیں تاکہ مظالم کے خلاف یکجہتی کا پیغام دیا جا سکے۔
