کوئٹہ(صداقت انٹرنیشنل ویب ڈیسک)کوئٹہ کے سول ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر پر ہونے والے تیزاب حملے کے حوالے سے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن(وائی ڈی اے) کے رہنما ڈاکٹر عادل خان نے متاثرہ ڈاکٹر کی حالتِ زار کے بارے میں نئی اور درست طبی معلومات فراہم کر دی ہیں۔ ڈاکٹر عادل خان نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تفصیلی طبی معائنہ اور ڈاکٹروں کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاتون ڈاکٹر کا جسم تیزاب کی وجہ سے 15 فیصد تک جھلسا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ پریس کانفرنس کے دوران فراہم کی جانے والی 35 فیصد جلنے کی معلومات محض ابتدائی رپورٹس پر مبنی تھیں، تاہم اب ہسپتال کے متعلقہ برنز وارڈ کے ماہرین کی حتمی تشخیص کے بعد یہ تصحیح کی جا رہی ہے کہ متاثرہ پی جی ڈاکٹر کا چہرہ اور جسم 15 فیصد متاثر ہوا ہے۔ وائی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ فیصد میں کمی کے باوجود یہ ایک انتہائی سنگین اور وحشیانہ جرم ہے جس پر ڈاکٹرز برادری کا احتجاج اور انصاف کا مطالبہ برقرار رہے گا۔
