مقامی ۶ جون ۲۰۲۶

وزیراعلیٰ بلوچستان کا پنجگور آپریشن پر اظہارِ اطمینان، سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

کوئٹہ(صداقت ویب)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گرد عناصر بلوچستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں تاہم ان کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے منصوبوں کو ناکام بنایا ہے اور ریاستی ادارے ہر خطرے سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔