مقامی ۶ جون ۲۰۲۶

حب: اقدامِ قتل مقدمے میں سزا یافتہ مفرور ملزم شہزاد صالح بھوتانی کوئٹہ سے گرفتار

حب (صداقت ویب ) اقدامِ قتل کے مقدمے میں سات سال قید کی سزا پانے کے بعد عدالت سے فرار ہونے والا سزا یافتہ ملزم شہزاد صالح بھوتانی کوئٹہ سے گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے عدالتی احکامات پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے کر ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ منتقل کر دیا۔ سیشن کورٹ حب نے اقدامِ قتل کیس میں ملزم کو سات سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی، تاہم وہ فیصلے کے فوراً بعد فرار ہو گیا تھا۔ بعد ازاں ملزم ضمانت کے حصول کے لیے کوئٹہ میں عدالت کے سامنے پیش ہوا، جہاں عدالت نے اس کی درخواست مسترد کرتے ہوئے فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ پولیس نے عدالتی احکامات کی روشنی میں ملزم کو گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق مقدمہ فائرنگ کے ایک واقعے سے متعلق تھا جس میں میر علی حسن زہری کو نشانہ بنایا گیا تھا، جبکہ قانونی حلقوں نے گرفتاری کو قانون کی بالادستی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔